حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کا تقریب سے خطاب

175
حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے فوری بعد ان اقدامات کا آغاز کر دیا تھا جس سے حکومت کی خواتین کے حقوق کے تحفظ کی عکاسی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کے زیر اہتمام یو این ویمن کے تعاون سے خواتین کے وقار سے متعلق قومی رپورٹ کے باضابطہ اجراءکی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ ہمارے آخری نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں عورتوں سے حسن سلوک کی تلقین کی ہے

،ہم نے خواتین سے متعلق کمیشن بنائے ہیں لیکن ان تک رسائی کا کام ضروری ہے،جب تعلیم یافتہ خواتین کی شرح بڑھی ہے تو ہر شعبے میں خواتین زیادہ نظر آئی ہیں،گزشتہ سال پاکستان بار ایسوسی ایشن کی سربراہ بھی ایک خاتون تھیں،وزیراعظم نے وقار نسواں پر کام کرنے کے لیے اہداف مقرر کر رکھے ہیں،تربیت اور معاشرہ سنبھالنے میں فیملی پلاننگ بہت ضروری ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کے وقار سے متعلق قومی رپورٹ کے باضابطہ اجراءکو خوش آئند قرار دیا اور قومی رپورٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے قانون سازوں اور پالیسی سازوں کے لیے خزانہ قرار دیا۔ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن اور اقوام متحدہ کی خواتین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت ایک ایسے مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے جامع رپورٹ کا بہتر استعمال کرے گی جس میں پاکستان کی خواتین اور لڑکیاں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔ ملک کی ترقی اور نئی بلندیوں تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہو گی۔