اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے اور کاروبار میں ان کی شراکت داری بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیوسی سی آئی)کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔
وفد کی قیادت وویمن چیمبرز کی بانی ثمینہ فاضل نے کی ۔ ملاقات میں خواتین کو بااختیار بنانے اور برآمدات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر تجارت نے تجارت میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے قابل عمل تجاویز کی ضرورت پر زور دیا اور برآمدات پر مبنی منصوبوں کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
خواتین کے چیمبر نے اپنے تحفظات پیش کیے، جن میں تجارتی وفود اور بین الاقوامی تجارتی میلوں میں خواتین کے ملکیتی کاروبار کو شامل کرنے کی درخواست، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ جیسے فیصلہ ساز بورڈز میں خواتین کی شمولیت اور سہولت کے لیے زمین مختص کرنا شامل ہے۔ میٹنگ کے دوران جام کمال خان نے چیمبر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تفصیلی پراجیکٹس جمع کرائے جن کا مقصد برآمدات سے متعلقہ کاروباروں میں خواتین کی شرکت کو بڑھانا ہے اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) کے ذریعے تعاون کا وعدہ کیا۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ چیمبر باضابطہ طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے وویمن چیمبر ہیڈکوارٹر کے پلاٹ کی الاٹمنٹ کی درخواست کرے۔ جام کمال خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس کیس کو وزیر اعظم کے پاس لے کر جائیں گے ۔