حکومت خیبرپختونخوا نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اعلیٰ اور معیاری گندم کی خریداری کی ہے ، صوبائی وزیر خوراک

135
Instructions for cleaning wheat seed
Instructions for cleaning wheat seed

پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہےکہ حکومت خیبرپختونخوا نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اعلیٰ اور معیاری گندم کی خریداری کی ہے ، گندم خریداری مہم سے خیبرپختونخوا میں فوڈ سکیورٹی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملاہے۔

ان خیالات کا اظہار کا انہوں نے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے ہمراہ گندم خریداری برائے سال 2024ء کے لئے مقررہ ہدف مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تفصیلی بریفنگ اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی،ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری محکمہ خوراک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گندم خریداری کا مقررہ ہدف انتہائی خوش اسلوبی اور شفافیت کے ساتھ انجام دینے کیلئے آن لائن ایپ متعارف کرائی جس سے مقامی اور دیگر صوبوں کے کاشتکاروں نے رجسٹریشن کرائی اور پھر ان سے پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصولوں پر گندم خریدی کی گئی۔

بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ آن لائن ایپ پر 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا اندراج ہوا جبکہ صوبے کا ٹارگٹ 3 لاکھ میٹرک ٹن تھا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 22 خریداری مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی اور گندم کے معیار کو جانچنے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو ڈسٹرکٹ و اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، ضلعی انتظامیہ،ایگریکلچر،ریونیو ڈیپارٹمنٹ، فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت محکمہ نیب اور اینٹی کرپشن کے اہلکار وں کی بحیثیت آبزرور پر مشتمل تھی۔ ظریف المعانی نے مزید بتایا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 9 افسران معطل ہیں جن کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے جس کی حتمی رپورٹ متعلقہ حکام کوجلد پیش کی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گندم خریداری مہم سے خیبرپختونخوا میں فوڈ سکیورٹی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملاہے۔ ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ رواں سال خریداری مہم کی روشنی میں مستقبل میں گندم خریداری کیلئے محکمہ خوراک خریداری کی حکمت عملی مرتب کرے تاکہ آئندہ کیلئے گندم خریداری کا ایک معقول لائحہ عمل موجود ہو۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے گندم خریداری کے عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کے لئے تمام اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ خریداری مہم سے خیبرپختونخوا میں گندم اور آٹا سستا ہوگیا اور کمزور طبقے کو فائدہ ہوا ، اگر کسی کے پاس بدعنوانی کے ثبوت ہیں توانہیں منظر عام پر لائیں جو بھی ملوث ہوگا بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔