اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت دریا کنارے تجاوزات روکنے اور آبادی والے علاقوں کو سیلابی پانی سے بچانے کے لیے ضلعی سطح پر پالیسی تیار کر رہی ہے اور چھوٹے آبی ذخائر بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب دہائیوں میں سب سے تباہ کن ہیں اور ایسے غیر معمولی آفات سے نمٹنے کے لیے حکومت تیاریاں کر رہی ہے۔ایسے سیلاب چالیس سال بعد آتے ہیں اور ہم ان سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔مصدق ملک نے خبردار کیا کہ دریا کنارے بننے والی غیر قانونی تعمیرات، ہوٹلز اور ریزورٹس کو مسمار کر دیا جائے گا۔جب سیلاب آتا ہے تو وہ امیر و غریب میں فرق نہیں کرتا۔ یہ کنکریٹ کی عمارتیں گر جاتی ہیں اور ان کا ملبہ جنگلات اور آس پاس کی آبادیوں کو تباہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست سے کوئی طاقتور نہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ حکومت غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے جو ان آفات کا اصل نشانہ بنتے ہیں جبکہ اشرافیہ غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے نظام کا فائدہ اٹھاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کام جاری ہیں جہاں لوگوں کی جانیں، مال مویشی اور املاک ضائع ہو چکی ہیں۔