اسلام آباد/مریدکے۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی زراعت کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ،زراعت کی ترقی کے سلسلہ میں بیلاروس ،چین سمیت کئی ممالک سے بات چیت جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے سلسلہ میں بیلاروس ،چین سمیت کئی ممالک سے بات چیت جاری ہے ،وزیر اعظم کی کوشش ہے زراعت کی ترقی میں دنیا کا مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستان سے زرعی تحقیق کیلئے نوجوان چین بھیج رہے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم آج بھی فی ایکڑ 30 من پیداوار پر کھڑے ہیں ،فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کی سیاست کا محور ہی پاکستان کی تباہی رہا ہے،اس جماعت نے زراعت کے شعبہ کو بھی بہت تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس جماعت کا بانی آج بھی جیل میں بیٹھ کر پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے ،عوام اسے مسترد کرچکی اس کی سیاست ختم ہوچکی ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جارہے ہیں ،حکومت کا مشن صنعت اور زراعت کی بحالی ہے ۔