حکومت زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے،صرف مستحق طبقے کے لوگوں کو سبسڈی دی جائے گی،معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ

143

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں ، ایک ہفتے کے اندر شہریوں کو فکسڈ ٹارگٹ سبسڈی نرخوں پر آٹا ملے گا، حکومت متوسط طبقے کے لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے پر ایک ماڈل پر کام کر رہی ہے اورتمام طبقات کے لوگوں کو سبسڈی دینے کی بجائے صرف مستحق لوگوں کو سبسڈی دی جائے گی۔

پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا ضرورت مند لوگوں کو تحفظ دینے کیلئے ٹارگٹڈ کیش سبسڈی دینے کا اقدام قلیل مدتی ہے تاہم کسانوں اور صارفین درمیان براہ راست روابط قائم کرنے کیلئے درمیانے اور طویل مدتی اقدامات کئے جائیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ رواں سال گندم اور شوگر فصلوں کی بھاری پیداوار ہوئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی بہترین قیمتیں ادا کی گئی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہم حکومت، محققین اور کسانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنا کر زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی زیر قیادت حکومت کی زرعی ٹرانسفارمیشن پالیسی سے نہ صرف ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تمام شہریوں کی بنیادی غذائی ضروریات کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سخت ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو جلد ہی معمول پر لے آئیں گے اور اسی سلسلے میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو کرنے اور ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے سخت نظام متعارف کرائے گی۔