
اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری اداروں میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہی ہے تاکہ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے، بارہویں 5 سالہ منصوبہ میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یو این ڈی پی کے ریذیڈینٹ کوآرڈینیٹر نیل بھونے سے یہاں ملاقات کے دوران کیا۔ گورننس اصلاحات اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے یو این ڈی پی کی حمایت کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خدمات کی فراہمی اور گورننس کے اشاریے میں بہتری حکومتی ایجنڈا میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد اداروں میں ای گورننس متعارف کرانا، تکنیکی مسائل پر وزارتوں کی صلاحیت بڑھانا اور موجودہ انسانی وسائل کی ترقی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر 11 اہم وزارتوں کو پرفارمنس کنٹریکٹ آفر کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے مختلف شعبوں میں تکنیکی مہارت فراہم کرنے اور اڑان پراجیکٹ کیلئے یو این ڈی پی کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سماجی و معاشی ایجنڈا پائیدار ترقیاتی اہداف کے ساتھ منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے رضاکارانہ نیشنل جائزہ پر پاکستان کی پہلی رپورٹ پیش کرنے اس سال جولائی میں نیو یارک جائیں گے۔