کوئٹہ۔ 22 فروری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا کی ترقی یافتہ قومیں روبوٹس سے انسانوں کا کام لے رہی ہیں جبکہ ہم قیمتی انسانی وسائل کو بڑے پیمانے پر ضائع کر رہے ہیں۔ ترقی یافتہ اور پسماندہ ممالک کے متعین اہداف اور ترجیحات کے درمیان اتنا گہرا فرق ہے کہ وہ جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو انسانوں کی غیراستعمال شدہ صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور وہ اپنے جسمانی طور پر معذور افراد کو بااختیار بنا کر فلاسفرز اور سائنسدان بنانے میں کامیاب ہو چکے ہیں لیکن اسکے برعکس ہم اپنے معذور افراد کو محض معاشرے کے کارآمد شہری بنانے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔
وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنے قومی اہداف اور اپنی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لیں اور موجودہ حکومت سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کیلئے مختص کوٹہ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی فرد پیچھے نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ جنگ کے چیف ایڈیٹر خلیل صاحب اور ایکسپریس نیوز چینل کے بیوروچیف رضاالرحمان کی قیادت میں ” آل ڈ س ایبل پرسنز ویلفیئر سوسائٹی بلوچستان” وفد سے گزشتہ روز گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے تمام اسپیشل افراد پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کریں۔ فرسودہ روایتی تصورات تک محدود نہ رہیں کیونکہ آپ معذور نہیں ہیں بلکہ قدرت نے آپ کو عام لوگوں کے مقابلے مختلف صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ بلاشبہ اس پل پل بدلتی دنیا میں آپ کے منفرد نقطہ نظر سے اختراعی حل تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے جو تنوع کی قدر کرتا ہو اور ہر مرد اور عورت کو ان کی مکمل صلاحیتوں تک پہنچنے کیلئے یکساں سہولیات اور مساوی مواقع فراہم کرتا ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564888