24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںحکومت سندھ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع ہنگامی اقدامات...

حکومت سندھ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع ہنگامی اقدامات کئے ہیں، شرجیل انعام میمن

- Advertisement -

لاڑکانہ۔30اگست (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر جامع اور ہنگامی اقدامات کئے ہیں، تمام وزراء، منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی وزراءسید ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، سردار محمد بخش مہر، مکیش کمار چاولہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، سمیت پوری کابینہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر مختلف اضلاع میں دورے کر رہی ہے، پشتوں کی مضبوطی، نگرانی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

- Advertisement -

ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنرز، پولیس، آبپاشی اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں جبکہ مشینری، کشتیوں اور عارضی رہائش کے انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد و اخراج کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اس وقت صورتحال قابو میں ہے مگر حکومت نے کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبہ بندی تیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے واضح ہدایت دی ہے کہ عوام کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ براہِ راست انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور روزانہ بریفنگ لے رہے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، حکومتی اداروں سے تعاون کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر اس مشکل وقت کا سامنا کرنا ہے، سندھ حکومت پوری طرح مستعد ہے اور عوام کو محفوظ رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں