اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی)وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پاناما پیپرز پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گی‘ پاکستان تحریک انصاف کی بہتری عدالتی فیصلے کا انتظار کرنے میں ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کسی بھی پارٹی کے حق میں آ سکتا ہے لیکن اگر فیصلہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف آیا تو پہلے کی طرح وہ اس کو بھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناما پیپرز کا مسئلہ عدالت میں ہے اس لیے میڈیا میں اس پر بحث نہیں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز لیکس کے فوراً بعد وزیراعظم نے سپریم کورٹ کو معاملے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ پارلیمنٹ ہی معاملات پر بات چیت کرنے کا صحیح فورم ہے اور تحریک انصاف کو چاہیئے کہ وہ عامی آدمی کو درپیش مسائل کے حوالے سے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرے۔