اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبہ کی ترقی کےلئے بڑے مثبت اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو عالمی یوم سیاح کے حوالہ سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیاحتی کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کررہے تھے۔ گلگت بلتستان میں نئی سیاحتی پالیسی کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نئی ٹورازم پالیسی کی بدولت گلگت بلتستان میں سالانہ 10 فیصد غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت اگلے 5 سال میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کےلئے 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے سیاحت کے شعبہ میں ایک طرف سروس میں بہتر ی آئے گی تو دوسری جانب اس سے علاقہ میں روزگار کے بہتر مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ اس پالیسی کے تحت جی بی کے مختلف اداروں کے مابین بہتر تعاون سے بہترین سکیورٹی اور ہیومن ریسورس فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی اور ثقافتی اثاثوں کا بہترین انتظام اور تحفظ کے ذریعے سیاحت کے شعبے میں پائیدار فروغ اسی ٹوررازم پالیسی کا بنیادی مقصد ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71488