حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے، پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں گفتگو

112

لاہور۔10مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی محاذ پر پہلا اور اہم مرحلہ اسلام آباد ہے، حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے، پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان وفاقی وزرا مخدوم شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ مملکت فرخ حبیب اور معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کے ہمراہ جمعرات کو ایک روزے دورے پر لاہور پہنچے۔