حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد، بحالی اور تعمیرنوکیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے، وزیرخزانہ کی آر سی سی کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

167
Ishaq Dar

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت گزشتہ سال آنے والے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد، بحالی اورتعمیرنوکیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بات جمعرات کویہاں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور سی ای او ڈیوڈ ملی بینڈ سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اوروزرات خزانہ کے سینئرافسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور ملک کے مجموعی سیاسی اور اقتصادی منظرنامہ سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے سیلاب زدگان کی معاشی ریلیف، بحالی اور تعمیرنو کے حوالے سے موجودہ حکومت کی عملی پالیسیوں اور پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اورکہاکہ بحالی اور تعمیر نو کی کوششیں پہلے سے شروع کر دی گئی ہیں۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور سی ای او نے سیلاب کے بعد سماجی تحفظ کے مختلف نیٹ ورکس کے تحت عوام کی ریلیف کے لئے حکومت کے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے افغان پناہ گزینوں کو پاکستان کی جانب سے پائیدارتعاون کی بھی تعریف کی۔ ڈیوڈملی بینڈ نے متاثرین کی امداد کے سلسلے میں حکومت کو معاونت کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی۔ وزیر خزانہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد، بحالی اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر اقدامات کے لئے بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی لحاظ سے موزوں پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لئے عوام اور حکومت کو مدد فراہم کرنے میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔