اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، اس طرح کی آزمائشوں اور مشکلات سے کامیابی سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کیلئے عملی میدان میں آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال تمام متاثرہ اضلاع میں اپنے عملہ کی مدد سے بھرپور امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے شدید نقصانات کے پیش نظر ملک کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
ایم ڈی بیت المال نے کہا کہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور افراد کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے، اتنی بڑی قدرتی آفت کا اکیلے مقابلہ کرنا کسی بھی حکومت کے بس میں نہیں ہوتا، اس لئے ساری قوم کو متحد ہو کر اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کیلئے عملی اقدام کرنا ہوں گے۔