25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںحکومت سیلاب کے بعد گندم کی دستیابی کو یقینی بنائے گی،وفاقی وزیر...

حکومت سیلاب کے بعد گندم کی دستیابی کو یقینی بنائے گی،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب کے بعد خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے، گندم کی دستیابی برقرار رکھنے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ معیشت کو درپیش خطرات سے نمٹنے اور زرعی پیداوار میں بہتری کے لیے تقریباً 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے پاکستان کے لیے صاف پانی اور زرخیز زمین کو قدرت کی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے پرعزم ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت کے پاس آنے والے کئی مہینوں کے لیے گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور آئندہ سال کے دوران رسد کو مستحکم رکھنے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مکمل تیاری کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیداوار بڑھانے اور کسانوں کے تحفظ کے لیے پالیسیاں مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی مسلسل سرپرستی کرے گی کیونکہ یہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں