حکومت سینٹ الیکشن میں اراکین کی خرید و فروخت کا سلسلہ بند کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان ملک میں اخلاقی اقدار کو بلند کرنا چاہتے ہیں، معاون خصوصی عثمان ڈار

46
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت سینٹ الیکشن میں اراکین کی خرید و فروخت کا سلسلہ بند کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان ملک میں اخلاقی اقدار کو بلند کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں 72 سال سے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگتے آئے ہیں، حکومت اوپن بیلٹ کے تحت سینٹ الیکشن کروا کر صاف و شفاف الیکشن یقینی بنانا چاہتی ہے، اپوزیشن دھاندلی زدہ الیکشن چاہتی ہے، خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کے 7 ووٹ تھے تو پھر ان کے 2 سینیٹرز کیسے منتخب ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ پاکستان میں سینٹ الیکشن کے دوران اراکین کی خرید و فروخت کا عمل بند ہونا چاہیے یا نہیں؟، عوام کو معلوم ہو جائے گا کہ کس کی خواہش ہے کہ ملک میں دھاندلی زدہ الیکشن کا سلسلہ جاری رہے اور کون یہ چاہتا ہے کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ووٹ کو عزت دو کی بات کرتی ہے، اگر حقیقت میں وہ ووٹ کو عزت دینا چاہتے ہیں تو ووٹ کو عزت دینے کا انکو اس سے اچھا موقع نہیں ملے گا، درحقیقت وزیراعظم عمران خان ووٹ کو عزت دینا چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن اس سے اختلاف کر رہی ہے۔