حکومت سی پیک کے اقتصادی زونز کو فعال کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے، سی پی سیکرٹریٹ

83

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) حکومت پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت معاشی تعاون کے مزید فروغ کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے ۔ سی پی سیکرٹریٹ کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، ایم ایل ون منصوبہ، زرعی ترقی، سماجی معاشی ترقی، انفراسٹرکچر اور گوادر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان شعبوں کی بہتری سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل سے ملک میں سماجی اور معاشی شعبوں میں عوام کیلئے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔حکام کے مطابق صنعتی و زرعی شعبے میں پاکستان اور چین کے تعاون سے پاکستان کوان شعبوں میں فوائد حاصل ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک بھرمیں 9 اقتصادی رونز قائم کئے جائیں گے۔