اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہاہے کہ حکومت سے دشمنی میں سیاسی جماعتیں حد پار کر گئی ہیں، ریاست قوم کی ماں ہوتی ہے، اپوزیشن کے شورشرابے کا واحد مقصد لوٹی ہوئی دولت بچانا ہے، فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل افسوس ہے، عمران خان اور طیب ازدگان نے حرمت رسول کے تحفظ کے لئے آواز بلند کی۔ ہفتہ کو ننکانہ صاحب میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومتی دشمنی میں سیاسی جماعتیں حد پار کر گئی ہیں، ریاست قوم کی ماں ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعت کے رہنما کی طرف سے آرمی چیف پر الزام تراشی کی گئی ہے، اپوزیشن کے شورشرابے کا واحد مقصد لوٹی ہوئی دولت بچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہر پاکستانی پاک فوج سے محبت کرتا ہے وزیرداخلہ نے کہاکہ پاک فوج کے خلاف بولنے والے اپنی سیکیورٹی کا بھی خیال رکھیں ، اللہ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کی حفاظت کرے۔ پاک فوج کے خلاف بولنے والوں کو بھارت چلے جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ کوئی بھی اپنا عقیدہ دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا۔وزیرداخلہ نے کہاکہ دشمن طاقتیں ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتی ہیں۔ فرقہ واریت کی وجہ سے شام اوررعراق کا حال ہمارے سامنے ہے، سب کو برداشت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں سیرت النبی ﷺکانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل افسوس ہے۔ مغرب میں اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری کی جاری ہے،گستاخانہ خاکوں سے پوری امت مسلمہ کے دل دکھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اور طیب ازدگان نے حرمت رسول کے تحفظ کے لئے آواز بلند کی ، حرمت رسول کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ دنیا کے تمام مذاہب کے احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی وزیرداخلہ نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کومبارکباد دی اورکہاکہ اس کانفرنس میں دوسرے مذاہب کے رہنماء بھی شریک ہیں جو ملک میں مذہبی ہم آہنگی اورایک دوسرے کے عقائد کے احترام کی عکاسی کررہاہے۔