حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خاطر خواہ وسائل خرچ کر رہی ہے، راجہ راشد حفیظ

63
مسئلہ کشمیر محض کسی خطہ ارضی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، راجہ راشد حفیظ
حکومت پنجاب دین کی لازمی تعلیم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید پیشہ ورانہ علوم و فنون کے فروغ کیلئے انقلابی منصوبے شروع کر رہی ہے ،راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی۔20دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے عوامی خدمت و قومی تعمیر کے محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں اور قومی تعمیر نو کے عمل میں پورے اخلاص کے ساتھ شریک ہو کر ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خاطر خواہ وسائل خرچ کر رہی ہے، سرکاری اداروں میں بیٹھے ذمہ داران عوام کے ساتھ حسن سلوک روا رکھتے ہوئے پوری ایمانداری،محنت اور تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے ان کے مسائل سنتے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات دیتے ہوئے جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے شہر کی مختلف یونین کونسلوں سے آئے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے. شہریوں نے سڑکوں و گلیوں کی تعمیر و مرمت، سوئی گیس، بجلی، پانی اور سیوریج سے متعلقہ مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ بعض شہریوں نے راجہ راشد حفیظ کو اپنے انفرادی مسائل بھی بتائے جن کے فوری حل کیلئے صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہماری حکومت زبانی کلامی اور تشہیری واویلے کی بجائے عملی کام کر رہی ہے اور ہر شعبے میں بہتری لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل مہیا کرکے ان کے شفاف اور ایماندارانہ استعمال کو یقینی بناتے ہوئے مطلوبہ نتائج کے حصول پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں پورے پنجاب کے دیہی و شہری علاقوں کی یکساں ترقی زیر عمل ہے جس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں برتی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام منظور ہو چکا ہے جس کے تحت الیکشن کروانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، ان انتخابات کے نتیجے میں یونین کونسل سے لے کر شہری حکومتوں تک منتخب ہونے والے نمائندے پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں با اختیار ہونگے اور ان کے ذریعے عوام بھی شریک اقتدار ہونگے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر مختلف مسیحی تنظیموں اور افراد کی دعوت پر کرسمس تقریبات میں بھی شرکت کی اور کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار نہایت اہم ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اقلیتوں کے تمام حقوق کی محافظ ہے اور ان کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی تخصیص یا ترجیح نہیں برت رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنے ملک کو سنوارنا ہے. پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں میں ملازمت کرنے والے مسیحی ملازمین کو کرسمس کے موقع پر ایڈوانس تنخواہیں ادا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔