حکومت شہریوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا

60

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، حکومت صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے تاہم ابھی صورتحال ایسی نہیں کہ سکولوں کو بند کر دیں اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگائیں، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، عوام محتاط ہو کر وائرس کا مقابلہ کریں اور حکومت شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی حکومتیں بھی وائرس کی روک تھام کے لئے احسن طریقہ سے کام کر رہی ہیں ۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے جبکہ 25 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، زیادہ تر کیسز کراچی میں سامنے آئے ہیں اور تمام متاثرہ افراد حالیہ دنوں میں وائرس سے متاثرہ ممالک سے آئے ہیں، مقامی سطح پر ابھی تک وائرس کے ایک سے دوسرے شخص تک منتقلی کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کا عمل جاری ہے، ایئرپورٹ پر باہر سے آنے والے مسافروں کی سخت سکریننگ کی جاتی ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ متاثرہ مریض سکریننگ سے سلپ ہوئے ہیں، ایئرپورٹس پر جن مسافروں میں علامات ظاہر ہوتی ہیں انہیں ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے اور جن میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں انہیں جانے کی اجازت دی جاتی ہے تاہم انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ اگر بعدازاں انہیں مسئلہ ہوتا ہے تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 88 ہزار لوگوں کی سکریننگ چیکنگ کی گئی ہے۔ ماسک کی قلت کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت کی درخواست پر 5 کمپنیوں کو ماسک برآمد کئے گئے کیونکہ وہاں پر صورتحال نازک تھی۔