حکومت صنعتوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے، عبدالرزاق دائود

69

کراچی۔11فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ حکومت صنعتوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہائوس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی کی صنعتوں کو درپیش مسائل بالخصوص گیس کی کمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالرزاق دائود نے گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے صنعت کاروں سے جلد ملاقات کروں گا اور اس حوالے سے تمام سفارشات وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی جائیں گی تاکہ مسئلے کو جلد حل کیا جاسکے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی شہر کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا کیونکہ ملک کی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے۔