حکومت صنعتی شعبہ میں نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کےلئے نوجوانوں کی اعلیٰ تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کےلئے پرعزم ہے، ڈاکٹر عمر سیف

76
پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کی لانچنگ 9 جنوری کو کر دی جائے گی، نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام
پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کی لانچنگ 9 جنوری کو کر دی جائے گی، نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہےکہ حکومت صنعتی شعبہ میں نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کےلئے نوجوانوں کی اعلیٰ تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کےلئے پرعزم ہے۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان طبقہ کی مہارتوں کو جدید بنانے اور مقامی صنعتوں میں ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ کےلئے نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کےلئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے مشن کی تکمیل کےلئے اہم اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کےلئے ہم مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں گے اور آئی ٹی کے شعبہ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کےلئے ہائی ٹیک مہارتوں میں اضافہ پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک کے نوجوان طبقہ کو مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی پر مبنی مہارتیں فراہم کرنا ہے تاکہ انسانی وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتا ہے جو پائیدار معاشی ترقی کےلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں آئی ٹی کی صنعت کا اہم کردار ہے اور موجودہ حکومت ملک کی معاشی ترقی کے اہم مقصد کے حصول کےلئے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم لانے کےلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کی صنعت کے پھیلائو میں گہری دلچسپی رکھتی ہے تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مقامی صنعتوں کو درکار تمام تر مطلوبہ معاونت فراہم کرے گی تاکہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو وسعت دی جاسکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی موجودہ کاوشیں ملکی معیشت کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی اور پاکستان میں ایک شفاف اور دستاویزی معیشت کے قیام میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی ٹی سیکٹر کی پائیدار ترقی پر توجہ دے رہی ہے جس کےلئے بین الاقوامی طلبا کو ملک میں تعلیم حاصل کرنے کےلئے بھی متوجہ کیا جارہا ہے۔