اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے کہا ہےکہ حکومت طبی تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے پرعزم ہے، ہم طبی تعلیم کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنائیں گے، حکومت صحت کے شعبے میں نئی اصلاحات پر کام جاری رکھے گی، میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔
‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایم ڈی سی کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کی طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحات کو سراہا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے دورے کے دوران ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرت کو کونسل کے موجودہ آپریشنز اور فنکشنل بہتری کے لئے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے تدریسی تجربے کے سرٹیفکیٹ کے اجرا میں حالیہ پیش رفت کا جامع جائزہ پیش کیا۔ ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے زیر التوا معاملوں کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ہر سرٹیفکیٹ ایک محتاط اور کثیر مراحل پر مشتمل تصدیقی عمل سے گزرتا ہے جس میں ادارہ جاتی تصدیق بھی شامل ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے تدریسی تجربے کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے درکار سخت طریقہ کار کی وضاحت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر درخواست کا کیس اسسمنٹ منفرد ہے یہاں تک کہ ایک دن کے کام کا تفصیلی حساب کتاب اور ثبوت پر مبنی تصدیق کے ذریعے تنقیدی جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست دہندگان کم از کم پانچ سے لے کر 89 سے زائد مضامین تک کی اشاعتوں کی رینج جمع کرواتے ہیں جن کی صداقت کے لئے مکمل جائزہ لیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر مختار کو بتایا گیا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پی ایم ڈی سی نے میڈیکل پروفیشنلز کی جانب سے بڑی تعداد میں انکوائریز اور ای میلز کا ازالہ کیا ہے۔
انہیں بتایا گیا کہ تکنیکی ترقی کے علاوہ، پی ایم ڈی سی نے اپنی ویب سائٹ کو ملازمین کے رابطہ نمبروں کے ساتھ اپ ڈیٹ کرکے مواصلاتی حکمت عملی کو بہتر بنایا ہے تاکہ کمیونٹی کی بہتر خدمت کی جاسکے۔ ڈاکٹر مختار نے پی ایم ڈی سی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا ، جہاں انہوں نے پی ایم ڈی سی کی آپریشنل کارکردگی کی حمایت کے لئے متعارف کرائے گئے نئے آئی ٹی اختراعی اقدامات اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہیں حال ہی میں شروع کیے گئے آن لائن پورٹل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جو تصدیق کے عمل کو تیز کرنے اور تدریسی تجربے کے سرٹیفکیٹ کے لئے پروسیسنگ کے وقت کو کم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مختاراحمد بھرت نے پی ایم ڈی سی میں آپریشنز کو جدید بنانے اور ہموار کرنے کے مقصد سے ایک فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے کونسل کے جاری اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور کونسل کے عمل کو تیز کرنے کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان میں طبی تعلیم کا معیار بین الاقوامی معیار پر پورا اترے۔ ڈاکٹر مختار نے دورے اور بریفنگ کے بعد بتایا کہ پی ایم ڈی سی متعلقہ اداروں کو تمام کیسز کی فوری اور موثر تشخیص کو یقینی بناتے ہوئے تصدیق کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے کے لئے متنبہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے زیر التوا درخواستوں کو نمٹانے کے لئے فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر مختار نے بیک لاگ کو دور کرنے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کے کاموں میں شفافیت، درستگی اور احتساب کو بڑھانے کے لئے پی ایم ڈی سی انسپکشن سسٹم کی ہنگامی ڈیجیٹلائزیشن کی جانی چاہئے۔