اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں کو عالمی نمائشوں سے بھرپور استفادہ کیلئے پیشگی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے ۔
ان خیالات کا اظہار سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان اور دیگر سے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں جب ہمیں زر مبادلہ کی اشد ضرورت ہے ،حکومت کو چاہیے کہ مختلف خطوں میں منعقد ہونے والی عالمی نمائشوں میں برآمد کنندگان کی تعداد میں اضافے کیلئے مالی معاونت کی شرح اور سہولیات کو بڑھائے ۔
عثمان اشرف نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں نے معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور غیر ملکی سودے بھی ہوئے ہیں تا ہم اگر پاکستان کے سٹالز کی تعداد زیادہ ہوتی تو یقینی طور پر ملک کے لئے اس سے کئی گنا زیادہ زر مبادلہ لایا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر جامع رپورٹ مرتب کر کے متعلقہ اداروں کو بھجوائی جائے گی تاکہ حکومتی سطح پر مسائل اور مشکلات کا جائزہ لے کر مستقبل کے لئے حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431856