حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار

97
وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ،بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، موجودہ حکومت عوام کیلئے تیز رفتار ترقی کے حصول ، کاروباری شعبے اور گورننس کے نظام کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کی سہولت کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے گزشتہ 4 سالوں کے دوران ریکارڈ قرض لیا ہے،عمران خان کی حکومت پاکستان میں قرضوں کا بوجھ کم نہیں کر سکی۔ آرمی چیف کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کا انتخاب ملک کے آئین اور قانون کے مطابق کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کے انتخاب کا کام رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر کام شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ہم نے میثاق جمہوریت پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی تھی۔اعلیٰ حکام کے ٹیکس دستاویزات لیک ہونے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھےجو عناصر ہیں ان کی نشاندہی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے خلاف عمران خان کے منفی ایجنڈے نے کاروباری اور اقتصادی شعبے پر برا اثر ڈالاہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ حکومت مخالف تحریک کی پالیسی سے گریز کریں، موجودہ حکومت پاکستان کی تیز رفتار ترقی کے حصول ، کاروباری شعبے اور گورننس کے نظام کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔