اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو سہولت دینے کیلئے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، پوری دنیا میں کورونا وباء اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، رواں سال ملک میں گندم، گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اس وقت ساری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، امریکہ میں بھی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں گزشتہ دس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، پوری دنیا میں کورونا وباء اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح معیشت کی رفتار تیز ہو رہی ہے اسی تناسب سے لوگوں کی آمدن بھی بڑھے گی، ہم احساس پروگرام کو مزید وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ لنگر خانے، پناہ گاہ، صحت انصاف کارڈ کے علاوہ علاقائی سطح پر اقدامات کریں گے
جن سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک میں گندم، گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، اس کے علاوہ اس سال کپاس کی فصل کی بھی بہتر پیداوار کا امکان ہے، فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے باعث ہم پرامید ہیں کہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو سہولت دینے کیلئے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کی جامع معاشی پالیسیوں کی بدولت کورونا کے چیلنجز کے باوجود ملکی معیشت بہتر اور مستحکم ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، رواں سال بجلی کی طلب اور رسد میں اضافہ کے ذریعے سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں۔