اسلام آباد ۔ 5 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو بیماریوں سے بچاﺅ کے شعور کو اجاگر کرنے اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ وہ ہفتہ کو شفاءانٹرنیشنل ہسپتال میں 2012 ءسے اب تک جگر کے 660 کامیاب آپریشنز کی کامیابی کے موقع پر دوسرے سیمپوزیم ”اے میڈیکل مارول“ سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر شفا انٹرنیشنل ڈاکٹر منظور الحق قاضی، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر شفا انٹرنیشنل ڈاکٹر حبیب الرحمان، پاکستان میں پہلے جگر پیوندکاری کے بانی فیصل سعود ڈار اور چیئرمین پاکستان سوسائٹی آف ہیپاٹولوجی پروفیسر جاوید اقبال فاروقی سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے نامور ماہرین صحت نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جو وہ ذرائع کی کمی اور آئینی رکاوٹوں کے باوجو فراہم کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ صحت کی فراہمی صوبائی معاملہ ہے تاہم وفاقی حکومت شہریوں کو بہتر صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے صوبوں کی ہرممکن مدد کر رہی ہے۔ شفاءانٹرنیشنل کی صحت کے سلسلہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت کی سہولت کی فراہمی میں پاکستان میں سب سے زیادہ پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا کردار صحت کے شعبے میں فرق کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے اور اس سلسلے میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی قیادت کرسکتی ہے۔