اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نےکہاہے کہ پاکستان کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہے اور اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی ترقی کا سفر ہے جو شروع ہو گیا ہے۔ نارووال میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نےکہاکہ حکومت غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے، معیشت مضبوط ہوگی تو عوام بھی خوشحال ہوگی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال میں یوتھ فیسٹیول کی تقریب سے خطاب میں کہاکہ یونیورسٹی آف نارووال کاتعلیم کے فروغ میں اہم کردارہے،نارووال کی طالبات کو اب اعلیٰ تعلیم کیلئے دوسرے شہر نہیں جانا پڑتا۔
انہوں نےکہاکہ ماضی میں تبدیلی کے نعرے کو سیاست کیلئے استعمال کیاگیا،ہم نے نعرے نہیں لگائے،عملی تبدیلی لارہے ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال کے گاؤں مانگیاں کے پرائمری سکول میں بچوں میں جرسی، جوتے اور چیک تقسیم کئے ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ غربت ختم کرنے کا مؤثر حل غریب بچوں کو تعلیم دینا ہے،ملکی ترقی کے لئے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نےکہاکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ہی مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنمنٹ ہائی سکول نارووال کا دورہ کیا اور کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر احسن اقبال نےکہاکہ جدید دور میں ٹیکنالوجی کی تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس لئے نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہناتھا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کیا ہے،آنے والے دنوں میں ہم اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو مزید آگے بڑھائیں گے۔