حکومت غریب لوگوں پر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

146

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سازشوں، دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاست کے باوجود حکومت نے ان کے جلسے جلوسوں کو روکنے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں، پی ڈی ایم سیاسی بے روزگاروں کا اجتماع ہے جنہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران فیصل آباد میں پاورلومز بند کر دیئے تھے اور بڑی تعداد میں ورکرز بے روزگار ہوئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے پاورلومز کو دوبارہ بحال کر دیا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

حکومت غریب لوگوں پر عالمی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، عالمی سطح پر اچانک پٹرول کی قیمتیں 35 ڈالر فی بیرل سے 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں تاہم اس کے باوجود حکومت نے ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کم کر کے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا ہے، حکومت نومبر سے فوڈ سپورٹ پروگرام متعارف کرا رہی ہے جس کے تحت 1 کروڑ 20 لاکھ مستحق لوگوں کو آٹے، گھی، چینی اور دالوں پر براہ راست کیش سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، عالمی سطح پر 50 سال بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جس سے پاکستان میں بھی براہ راست گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اثر پڑا ہے، حکومت پائیدار بنیادوں پر مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں تنوع کے ساتھ برآمدات بڑھانے کیلئے طویل المدتی پالیسیاں نافذ کی جا رہی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عالمی سطح پر کوئلہ کی قیمت 50 ڈالر سے 250 ڈالر جبکہ گھی کی قیمتیں 500 ڈالر سے 1300 ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ کنٹینرز کے شپمنٹ چارجز میں 2000 ڈالرسے 10 ہزار ڈالر تک کا اضافہ ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے، اسی سلسلے میں ہماری گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے گھی ملز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور حکومت ٹیکسز اور لیویز میں مناسب کمی کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے ملک میں زرعی ضروریات کو پورا کرنے اور پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو کسان کارڈز مہیا کئے ہیں، اس کے علاوہ دسمبر سے پنجاب کو یونیورسل ہیلتھ کیئر دینے جا رہے ہیں جس سے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک اپنا علاج کروا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی فصل کی بھاری پیداوار دیکھی گئی ہے جس سے ملک میں چینی کی قیمتوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

پاور ٹیرف سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی سابقہ حکومت بجلی کے مہنگے معاہدے کر کے عوام کے گلے میں پھندا ڈال کر گئی ہیں، ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں قوم کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے اور سابقہ حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے موجودہ حکومت بجلی کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہے۔