دبئی۔11فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت اور کاروبار میں آسانی فراہم کرنے کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممتاز امریکی کاروباری شخصیت و سرمایہ کار جینٹری بیچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ا ن سے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت اور کاروبار میں آسانی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کیلئے یہ موزوں ترین وقت ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے شرح سود کم ہونے سے کاروبار میں سہولت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
امریکا اور پاکستان کے مابین دہائیوں پر محیط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پر عزم ہیں۔ جینٹری بیچ نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی۔ جینٹری بیچ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں قرار دیا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ جینٹری بیچ نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر جلد عملدرآمد کے خواہاں ہیں۔