اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فارما صنعت ملکی معیشت اور صحت کے نظام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، حکومت فارما صنعت کی ترقی اور استحکام کے لیے مکمل حمایت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، فارما سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے حکومت موثر پالیسیاں بنا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو فارما سمٹ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کا باہمی تعاون فارما انڈسٹری کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جام کمال نے کہا کہ پاکستان کی فارما انڈسٹری عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ڈیجیٹل فارما تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے صنعت کو جدید بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی ترقی کے لیے عالمی سطح پر پروموشن اور بہترین تعاون فراہم کرے گی، موجودہ حکومت مکمل طور پر مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے،حکومت کے پاس بحالی کے لیے جامع منصوبے موجود ہیں، طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جو پائیدار ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اعتماد ایک بڑا چیلنج ہے اور حکومت اسے بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، وزارت تجارت بالخصوص سیکٹورل کونسلز کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 کونسلز کو دوبارہ فعال کر کے ٹھوس تجاویز اور منصوبے لانے کا منصوبہ ہے، یہ تجاویز نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کو پیش کی جائیں گی، جو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کرے گا، ان کونسلز کے اپنے سیکرٹریٹ ہوں گے اور اہم اقدامات اور رہنما اصولوں کا تعین کیا جائے گا۔