اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت فاصلاتی نظام تعلیم پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے وبائی مرض نے سب سے زیادہ تعلیم کے شعبے کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی اداروں کو بند نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن مجبوراً ایسا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصانات کو کم کرنے کیلئے فاصلاتی طریقہ تعلیم کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔حکومت نے فاصلاتی تعلیم میں بہت سے منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کی وبا جلد ختم ہو جائے گی تاہم فاصلاتی تعلیم کے شروع کئے جانے والے تمام منصوبے جاری رہیں گے۔