لاہور۔8مارچ(اے پی پی )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی و بہتری کیلئے تمام تراقدامات بروئے کار لا رہی ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو صحت مند تفریح فراہم کی جاسکے۔وہ یہاں پاکستان فلم پروڈیوسرزایسوسی ایشن اور پاکستان فلم ایگزبیشن ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے گفتگو کررہی تھیں۔سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر درانی، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز اور چیئرمین سنٹرل بورڈ آف فلم سنسرشپ بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں نیشنل فلم پالیسی 2018 ء کے مکمل نفاذ سے متعلق معاملات زیربحث آئے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ فلم اور سنیما انڈسٹری کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز تیار کی جائیں تاکہ موجودہ فلمی پالیسی کے تحت منظور کی جانے والی مراعات کے موثر نفاذ کویقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس معاملے میں صوبوں کے ساتھ مشاورت بھی شامل ہے، اس لئے مشترکہ مفادات کونسل میں اس تجویز پر تبادلہ خیال کیا جا نا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سنسر بورڈ اختیارات میں اضافہ کر کے اسے مزید بااختیار بنانا چاہتی ہے تاکہ فلم سنسر شپ کے معاملات کو بطریق احسن نمٹایا جا سکے۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر درانی نے شرکاء کو یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات موجودہ فلم پالیسی کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کو مزید بہتر بنانے کیلئے فلم ایسوسی ایشن کی جانب سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلم پروڈیوسرز کو ملک کے مختلف حصوں میں خوبصورت مقامات پر فلموں کی شوٹنگ کے دوران تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلم پالیسی 2018 ء کو مزید بہتر بنانے کیلئے جلد ہی 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔یہ کمیٹی فلم پروڈیوسرز’ فلم ڈسٹری بیوٹرز اور فلم ایگزبیٹرز ایسوسی ایشنز کے ممبران پر مشتمل ہوگی۔اجلاس کے شرکاء میں چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن امجد رشید’ چیئرمین پاکستان فلم ایگزبیٹرز ایسوسی ایشن زوریز لشاری اور دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔