حکومت فن و ثقافت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب

114
Provincial Minister of Information

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ خطاطی اسلامی ثقافت اور فن کا اہم جز ہے ، اس طرح کی نمائشیں نوجوان نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ بچوں کے کام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے،پاکستانی نوجوان دنیا کے ہر شعبے میں اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، الحمرا ہمیشہ سے فن و ثقافت کی ترویج میں پیش پیش رہا ہے ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت فن و ثقافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے ،خطاطی اسلامی و مشرقی فنونِ لطیفہ کا ایک حسین امتزاج اور ایسے پروگرام ہماری ثقافت کو مزید اجاگر کرتے ہیں ،الحمرا میں موسیقی ، پینٹنگ،ڈرامہ اورفنون لطیفہ پر بھی کام ہو رہا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ ترک قونصل جنرل الحمرا آئے اورپاکستانی پینٹنگ کو پسند کیا، ترک قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ترکی میں پاکستانی نوجوانوں کی پینٹنگ نمائش ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ کی کوئی عمر نہیں ہوتی، وہ پیدا ئشی آرٹسٹ ہوتا ہے، عید الفطر کے بعد الحمرا میں چودہ اپریل کوکلچرل ڈے منائیں گے، پنجاب میں تعلیم حاصل کرنیوالے کے پی اوربلوچستان کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اور سکالر شپس دیں گے۔انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکج کے تحت تیس لاکھ خاندانوں تک دس ہزار پے آرڈر عزت کے ساتھ دیئے گئے جو تاریخی اقدام ہے،بلاول بھٹو کو ملکی استحکام اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کا سٹاک موجود ہے، تو دوائی کیوں نہیں دی جاتی،اگر کوئی سرکاری افسر کام نہیں کرتا تو پھر مریم نواز ایسا ہی کریں گی جیسا انہوں نے ایم ایس کو معطل کرکے کیا، جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا۔عظمی بخاری نے کہا کہ محکمہ صحت کو مافیا نے جکڑا ہوا ہے، صحت اہم معاملہ ہے،اس پر ایکشن لیتے ہیں تو سفارشیں کی جاتی ہیں کہ ڈاکٹرز کو معاف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگ برنگے یوٹیوبر کو فالو نہیں کرتی،خانہ کعبہ میں میاں بیوی الٹراسائونڈ پکڑ کر بھیک مانگ رہے ہیں، سندھ کے پانی کی طرف نہ کوئی دیکھ سکتا ہے اور نہ ہی لے سکتا ہے ، پنجاب اپنے پانی کے معاملہ کو خود دیکھے گا ،

پنجاب میں اکتالیس فیصد پانی کی کمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا کہیں بھی کوئی واقعہ ہو سکتا ہے،پنجاب کی سی ٹی ڈی اور اداروں نے چھ حملہ آورروکے ہیں، ہمارے سکیورٹی ادارے ملک میں امن لانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں ، دہشت گردی کی جنگ پہلے بھی جیتی تھی لیکن ایک شخص نے دوبارہ دہشت گردوں کو سپورٹ کیا اور دہشتگری واپس آ گئی۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی جنگ پہلے بھی جیتے تھے اور اب بھی جیتیں گے۔