حکومت فیشن اور تخلیقی انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، جام کمال

116
Jam Kamal Khan

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہاہے کہ حکومت فیشن اور تخلیقی انڈسٹری کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن جیسے ادارے فیشن انڈسٹری کے روشن مستقبل کی ضامن ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن ( پی آئی ایف ڈی)لاہور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹی ڈی اے پی کے چیئرمین فیض احمد، ڈائریکٹر جنر ل ٹی ڈی اے پی رافعہ سید ، پی آئی ایف ڈی انتظامیہ کے اراکین رجسٹرار ڈاکٹر محمد افضل، خزانچی قیصر اقبال، کنٹرولر امتحانات فہیم الرحمان، ڈائریکٹر اورِک ڈاکٹر شوانہ عابد، ڈائریکٹر انٹرنیشنلائزیشن عمران محمود، ڈائریکٹر ایس ایس بی سی ڈاکٹر اللہ داد اور کورس کوآرڈینیٹر موجود تھے۔

فیشن مارکیٹنگ اینڈ مرچنڈائزنگ کی کورس کوآرڈینیٹر خدیجہ حسن نے ادارے کی کارکر دگی کے حوالے سے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں معیاری ڈیزائن ایجوکیشن کے فروغ میں پی آئی ایف ڈی کا کردار قابل ستائش ہے ، انہوں نے اس بات پر زور د یتے ہوئے کہا کہ ادارہ مقامی کمیونٹی اور بین الاقوامی منڈی تک اپنی رسائی کو مزید بڑھائے اور فنون لطیفہ و ثقافتی شعبہ جات میں جدید رجحانات کے مطابق ایک پرجوش اور تخلیقی حکمت عملی اپنائے۔وفاقی وزیر نے ہنر اور دستکاری کو سراہتے ہوئے وزارت تجارت اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی

اور علاقائی فنون، دستکاری اور فیشن انڈسٹری سے متعلق مزید تجاویز بھیجنے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔