اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):حکومت قابل اعتماد اور بہتر بجلی کی پیداوار، ترسیل کے نظام کی بہتری کے اقدامات کر رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہاہے کہ توانائی کے شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان کی صدارت میں توانائی کے شعبہ میں غیر ملکی امداد سے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کے حوالہ سے قومی مشاورتی کمیٹی (این سی سی۔ایف ایف پی) کا اجلاس وزارت اقتصادی امور میں بدھ کو منعقد ہوا۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے پاور اینڈ پٹرولیم تابش گوہر، سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد، سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ اور منصوبہ بندی کمیشن، این ٹی ڈی سی اور ڈسکوز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی کے اجلاس میں توانائی کے شعبہ میں جاری 14 منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ جن میں بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے منصوبے شامل ہیں۔ 3.4 ارب ڈالر مالیت کے ان منصوبوں کیلئے اے ڈی بی، اسلامی ترقیاتی بینک، عالمی بینک، فرانس، جرمنی، جاپان اور امریکہ نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں قابل اعتماد بجلی کی پیداوار اورترسیل کے نظام میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ مزید برآں حکومت متبادل توانائی کے ذرائع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیلئے بھی کوشاں ہے جن میں شمسی، پن اور آبی وسائل سے استفادہ شامل ہے تاکہ صارفین کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کی جا سکے۔
معاون خصوصی تابش گوہر نے پاور ڈویژن میں جاری منصوبوں پر پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کوبھی دہرایا۔ پاور ڈویژن کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ کاسا۔1000 ٹرانسمیشن لائن کے منصوبہ کیلئے نوشہرہ میں زمین کے حصول کا کافی عرصہ سے زیر التواء مسئلہ کامیابی سے حل کر لیا گیا ہے۔ اور اب ٹھیکیدار پراجیکٹ سائٹ پر منتقل ہو چکاہے۔
اسی طرح اسلام آباد کے مغرب میں داسو ٹرانسمیشن لائن کیلئے زمین کے حصول کے معاملہ میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ این ٹی ڈی سی میرپور خاص، ژوب، لاہور نارتھ، جوہر آباد اور مائرہ میں اے ڈی بی کی فنانسنگ سے 5 گرڈ سٹیشنزپر کام کر رہی ہے اور یہ منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہدف مقرر کر کے ان کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور جلد تکمیل کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور نگرانی کیلئے جی آئی ایس سے استفادہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبہ میں غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کی تکمیل کیلئے پاور ڈویژن اور لائن سٹاف کی کاوشوں کو سراہا جن کی کوششوں سے ان منصوبوں پربروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=254813