اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت ماں اور بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو زچہ بچہ سنٹر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے ماں بچےکی صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے علاج کیلئے آنے والے مریضوں سے علاج کی سہولیات بارے پوچھا ۔انہوں نے کہا کہ حکو مت مائوں اور نومولود بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عوام کو صحت کی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جذبے اور لگن سے کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے
ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا مجھے بڑی خوشی ہوئی ہسپتال کا عملہ لگن اور جذبے سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے ۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پیرا میڈیکل سٹاف نرسز ڈاکٹرز کو اس وقت عزت ملتی ہے جب مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوتی ہیں ۔