حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور پائیدار نمو کے حصول میں پرعزم ہے ، سینیٹر محمد اورنگزیب

74

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور پائیدار نمو کے حصول میں پرعزم ہے ۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں کہی۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے معاملات بشمول جاری معاشی اصلاحات، مالیاتی تعاون اور پاکستان میں برطانیہ کے تعاون کے تحت چلنے والے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے معیشت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے حکومت کی اصلاحات کے ایجنڈے پر تازہ ترین معلومات شیئر کیں جس میں کلی معیشت کےاستحکام کو برقرار رکھنے اور برآمدات پر مبنی نموکی جانب معیشت کو لے جانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لئے حکومتی عزم کو بھی اجاگر کیا۔

وزیرخزانہ نے برطانیہ کی مختلف ترقیاتی اور حکومتی پروگراموں کے ذریعے جاری تعاون کی تعریف کی۔ جین میریٹ نے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کی مضبوط شراکت داری کو دہرایا اور دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے عوامی مالیاتی انتظام، آمدنی میں اضافے اور معاشی استحکام جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ریمیٹ پروگرام کی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں آمدنی میں اضافے اور ادارہ جاتی شفافیت کو بہتر بنانے کے لئے بنایا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے پروگرام کے تحت تعاون کو سراہتے ہوئے تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی کے مسلسل اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے معاشی تعاون کو بڑھانے اور نئے تعاون کے راستے تلاش کرنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔