حکومت مالی شمولیت کو پائیدار اقتصادی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتی ہے، مالی شمولیت کے تیز تر فروغ کے لیے پرعزم ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پی ایم آئی سی کے وفد سے گفتگو

151
Finance Minister
Finance Minister

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت مالی شمولیت کو پائیدار اقتصادی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتی ہے اور اس کی تیز تر فروغ کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان مائیکروفنانس انویسٹمنٹ کمپنی (پی ایم آئی سی) کی قیادت کے ساتھ اہم ملاقات میں کہی۔ پی ایم آئی سی کے وفد کی قیادت چیئرمین نوید اے خان نے کی۔ وفد میں سی ای او پی ایم آئی سی یاسر اشفاق، سی ای او کارانداز پاکستان وقاص الحسن اور ہیڈ آف پورٹ فولیو اینڈ سیکٹر ڈویلپمنٹ ثاقب صدیقی بھی شامل تھے۔پی ایم آئی سی 2016 میں نیشنل فنانشل انکلوژن سٹریٹجی (این ایف آئی ایس) کے تحت قائم کی گئی تھی، یہ کمپنی ایک کلیدی مائیکروفنانس ادارے کے طور پر پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کام کررہی ہے۔

ملاقات کے دوران پی ایم آئی سی کی ٹیم نے چھوٹے قرضوں (مائیکروفنانس) کے منظرنامے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، جس میں کلیدی چیلنجز اور مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ بتایا گیا کہ مالی شمولیت کے لحاظ سے پاکستان خطے کے دیگر ممالک جیسے بنگلہ دیش، بھارت اور فلپائن سے بہت پیچھے ہے۔ ملک میں مائیکروکریڈٹ کی مارکیٹ کا ممکنہ حجم 41 ملین افرادہے تاہم صرف 7.4 ملین افراد کو اس وقت خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ملاقات میں مائیکروفنانس اداروں (ایم ایف آئیز) اور مائیکروفنانس بینکوں (ایم ایف بیز) کے درمیان تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا۔ ٹیم نے بتایا کہ ایم ایف بیز بنیادی طور پر سونے کے بدلے چھوٹے قرضے فراہم کرتے ہیں جبکہ ایم ایف آئیز دیہی کمیونٹیز اور خصوصاً خواتین کے لیے خدمات فراہم کرتی ہیں۔ملاقات میں مالی شمولیت کے حوالے سے کئی اہم چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی جن میں دوہرے ریگولیٹری فریم ورک سے ایم ایف آئیز اور ایم ایف بیز کے مختلف ضوابط سے نظام کی پیچیدگی،فنڈنگ تک محدود رسائی، رسائی بڑھانے کے لیے بڑی مقدار میں لیکویڈیٹی کی ضرورت، ادارہ جاتی صلاحیت کی کمی اور این ایف آئی ایس ہدف کی فعال نگرانی جیسے چیلنجزشامل ہیں۔

وزیرخزانہ نے پیش کیے گئے خیالات کو سراہا اور ان چیلنجز کے حقیقت پسندانہ اور عملی حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پی ایم آئی سی کو فنڈنگ کے لیے جدید طریقہ ہائے کارجیسے کہ ایکویٹی انڈومنٹ فنڈز اور ہدف پرمبنی مخصوص سرکاری تخصیصات پیش کرنے کی حوصلہ افزائی کی تاکہ شعبے کی صلاحیت اور رسائی میں اضافہ کیا جا سکے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مالی شمولیت کو پائیدار اقتصادی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتی ہے اور اس کی تیز تر فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات میں دیہی اور نظرانداز شدہ آبادیوں کے لیے مالی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے این ایف آئی ایس کے اہداف کے مطابق کام کرنے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔