محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،وزیر اعظم شہباز شریف

314

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،یہ دن نا صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے محنت کشوں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے،اللہ تعالیٰ اور خاتم النبیین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیں اور ان حقوق کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھتے ہوئے ان کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہمیں محنت کی عظمت اور محنت کش طبقے کے حقوق کے احترام کی بے شمار متاثر کن مثالیں ملتی ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاز سے بہت پہلے ہی مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے حوالے سے رہنما اصول طے کر دئے تھے،مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں اور ان کا تعاون اور دوستانہ تعلق ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے اور ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے بہتر رہائش، تعلیم کی سہولیات اور صحت کا تحفظ فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے،مہنگائی کی بلند شرح اور دیگر معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مزدوروں کی کم از کم اجرت 17,500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے ماہانہ کر دی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کے لیے خودکار، مربوط نظام تیار کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے،لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم سب انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔