حکومت مختلف ذرائع سے ویکسین خرید رہی ہے،ایک دو ماہ میں پاکستان کو بڑی تعداد میں ویکسین دستیاب ہو جائے گی،تمام شہریوں کو مفت ویکسین مہیا کی جائے گی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

68

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے حکومت کی پالیسی واضح ہے، تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی تاہم جو لوگ ذاتی طور پر نجی مراکز سے ویکسین لگوانا چاہتے ہیں انہیں روکا نہیں جائے گا، اگلے چند دنوں میں 10 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہو گی جبکہ رواں سال کے آخر تک ہم ملکی آبادی کے بڑے حصے کو ویکسین لگانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی دو لہروں کی بہ نسبت تیسری لہر کا پھیلائو تیزی سے ہے اور شرح اموات بھی زیادہ ہیں، گزشتہ ایک دو ہفتوں سے کیسز جس رفتار سے بڑھ رہے ہیں وہ تشویشناک ہے، اگر لوگ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں تو ہم کافی حد تک وبا کے پھیلائو کو روک سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے حکومت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، پہلے کی طرح این سی او سی میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کئے جاتے ہیں، جو ممالک وائرس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ان ممالک پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے دوران نوجوانوں اور بچوں کے متاثر ہونے کی تعداد میں کوئی غیرمعمولی اضافہ نہیں ہو رہا، بچوں اور نوجوانوں کے وائرس سے متاثر ہونے کا تناسب پہلی دو لہروں کے برابر ہی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت کی ویکسی نیشن کے حوالے سے پالیسی واضح ہے، تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی، حکومت مختلف ذرائع سے ویکسین خرید رہی ہے اور اگلے ایک دو ماہ کے دوران پاکستان کو بڑی تعداد میں ویکسین دستیاب ہو جائے گی تاہم ہم عمر کے حساب سے لوگوں کو ویکسین مہیا کریں گے، ویکسی نیشن کا عمل جلدی مکمل نہیں ہو سکتا کیونکہ ملک میں تقریباً 10 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگنی ہے، امید ہے کہ رواں سال کے آخر تک ہم ملکی آبادی کے بیشتر حصے تک ویکسین پہنچانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔