حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے، شوکت ترین

44
حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے، شوکت ترین

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے ،

ملک میں اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ مسلسل معاونت کررہاہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کیلئے امریکا کے متبادل ایگزیکٹوڈائریکٹر جان ہرلے سے ملاقات میں کہی۔اجلاس میں سینئرافسران شریک ہوئے ۔

مشیر خزانہ نے کہاکہ ملک میں بالخصوص توانائی، قرضوں کے انتظام وانصرام ، اقتصادی ترقی اورترجیحی شعبوں میں اصلاحات کے ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا اہم شراکت دارہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مختلف چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے، طویل عرصے سے زیر التوا ڈھانچہ جاتی مسائل کو حل کرنے اور پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے میں پرعزم ہے، حکومت نے ٹیکس کی بنیاد کی بنیادمیں وسعت، ریٹیل فروخت، سنگل ونڈو آپریشنز کے ساتھ ساتھ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے ریونیو کی وصولی کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

کیپٹل مارکیٹس ڈولپنٹ پروگرام کے تحت پیشگی اقدامات کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ جان ہرلے نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کے لیے سماجی اور اقتصادی شعبوں میں موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان کی حمایت کی۔انھوں نے مستقبل میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ مشیرخزانہ نے جان ہلے اور ان کی ٹیم کا مسلسل تعاون اور سہولت فراہم کرنے پران کاشکریہ ادا کیا۔