ملتان ۔9مارچ (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل ونمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کرنے والوں کا ہاتھ روکنے کے لیے تاجر برادری اپناکردار ادا کرے، اسلام میں عورت کے حقوق اور اس کی شان کا بھرپورتحفظ کیاگیا ہے، یہ افواہیں غلط ہیں کہ حکومت مساجد اور مدارس پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔
مقدسات کی توہین روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پاکستان کے سعودی عرب سمیت تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات بہترین ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز ڈپٹی کمشنرآفس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ حافظ طاہر محموداشرفی نے مزیدکہاکہ سعودی عرب ہمارا بڑا بھائی ہے اور وہ ہماری مقامات مقدسہ کامرکزہے۔ پاکستان کے اس وقت تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔
مصر کے ساتھ بھی دس سال بعد ہمارے تعلقات کو ایک نئی جہت مل رہی ہے۔اسی طرح کویت کے ساتھ بھی روابط مزید مستحکم ہورہے ہیںاور ویزوں کے اجرا کاسلسلہ شروع ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ میں سعودی عرب کے شہری علاقوں میں املاک کو نشانہ بنائے جانے کی بھرپور مذمت کرتاہوں اوراس کے علاوہ میرے لیے یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ گزشتہ چندماہ کے دوران پاکستان میں ناموس رسالت یا کسی بھی قسم کی توہین کا مقدمہ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ملک میں مذہبی ہم آہنگ اور رواداری کی فضاکوعام کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔۔ مدارس کے نئے تعلیمی سال سے قبل رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کی کوشش کریں گے اور نئے امتحانی بورڈز کے قیام سے مدارس کمزور نہیں مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کا خواب علامہ اقبال اور قائد اعظم کا ہے جسے پورا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ سودی نظام ، کرپشن ، جہالت ، انتہا پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مدارس و مساجد و عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ﷺکی چوکیدار ہے۔
مدارس عربیہ کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنا موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال سے قبل مدارس کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے ، تین ہزار سے زائد مدارس وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس کے دینی نصاب میں کوئی تبدیلی نہ کی جا رہی ہے اور نہ ہی کریں گے۔ نئے امتحانی بورڈز سے مدارس مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا، کسی کو ملک کے اندر توہین و تکفیر نہیں کرنے دیں گے۔
ہر کسی کو اپنے اپنے مسلک اور عقیدے پر عمل کرتے ہوئے دوسرے کے مسلک و عقیدہ اور مقدسات کی توہین نہیں کرنی چاہیے۔عورت مارچ کے حوالے سے علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ اسلام میں عورت کو بلند مقام حاصل ہے اوراس میں عورت کے تمام حقوق کو تحفظ فراہم کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام بچیوں کی تعلیم کاحکم دیتا ہے ، نابالغ اور کم عمر بچیوں کی شادی شریعت اسلامیہ میں جائز نہیں اور اسلام کسی کو جبراً مسلمان بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ عورت عالمی دن کے موقع پرآزادی کے نام پر خرافات نہیں ہونی چاہیے۔دریں اثنا علامہ طاہر اشرفی نے ڈپٹی کمشنرہال میں مختلف مذاہب،مسالک اور مکاتب فکر کے اراکین کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کونسل کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور اس حوالے سے علما سے تجاو یز لیں ۔
انہوں نے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ملتان قمرالزمان قیصرانی کوہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک سے قبل تعمیر ہونے والی مساجد جن کے این اوسی زیرالتوا ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر این اوسی جاری کیے جائیں۔