اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ معاشی شرح نمو کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے تیز رفتار راہ پر گامزن ہے، تعمیراتی صنعت میں گروتھ تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے جس کی بدولت پاکستان آئندہ مالی سال میں 5 فیصد جی ڈی پی گروتھ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
پی ٹی وی سے گفتگو سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی لبرل تعمیراتی پالیسی کی بدولت اب ہر عام پاکستانی اپنے گھر کا خواب پورا کرنے جا رہا ہے اور کم آمدنی والے طبقے کے لوگ اپنا گھر تعمیر کر سکیں گے۔
عندلیب عباس نے کہا کہ کورونا وائرس کے عالمی چیلنج کے باعث دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے تاہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی معاشی صورتحال بہت بہتر رہی، وزیراعظم عمران خان کے وبا کے خاتمے کے ساتھ ساتھ غریب آدمی کو تحفظ دینے کے فیصلے نے بہتر معاشی گروتھ کا سنگ بنیاد رکھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے ایجنڈے پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کر رہی ہے، معاشی استحکام کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی مخلصانہ کوششوں کو جاتا ہے۔ عندلیب عباس نے کہا کہ پاکستان میں مالی اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں بہتری دیکھنے کو آئی ہے جبکہ پرائمری بیلنس سرپلس ریکارڈ کیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی۔