حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور ملک میں کامرس کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے ،چیئرمین ایف بی آر

124
چیئرمین ایف بی آر

پشاور۔29جنوری (اے پی پی):چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اورملک میں کامرس کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے،یہ بات چیت انہوں نے دورہ پشاور کے دوران سرحد چیمبرآف کامرس کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی،وفد کی قیادت سابق سینئر نائب صدر اور پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈی نیٹر وڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی کر رہے تھے۔

اس موقع پر موجود دیگر افراد میں سینئر نائب صدر پی اے جے سی سی آئی خالد شہزاد، نائب صدر فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن امتیاز احمد علی، صدر خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید جواد احمد کاظمی شامل تھے ،چیف کلکٹر کسٹمز کے پی محمد سلیم، کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ ڈاکٹر معین الدین احمد وانی، کلکٹر کسٹم اپریزمنٹ اشفاق احمد، ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ ارباب قیصر حمید، ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد ، ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس ،ڈایریکٹر کسٹم انٹیلی جنس کے پی کے شفقت نیازی، کلکٹر کسٹم ڈی آئی خان یوسف حیدر، ڈائریکٹر چیئرمین ایف بی آر خواجہ خرم ملاقات کے دوران چیئرمین ایف بی آر کے ہمراہ تھے۔

اجلاس میں بزنس کمیونٹی اور تجارت سے متعلق مسائل اور تاجر برادری کو مختلف شعبہ جات میں درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضیاء الحق سرحدی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کنٹینرز کی ڈی اسٹفنگ کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود تاخیر ہورہی ہے درآمد کنندگان پر عائد ڈیمریج کو بچانے کے لیے مقامی کنٹینرز میں سامان کی منتقلی پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہاتاجر برادری کو بتایا گیا کہ یہ معاملہ ماڈیول میں شامل کرنے کے عمل سے گزر رہا ہے اور جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا،ملاقات میں پاک افغان بارڈر پر سامان کی کلیئرنس کے دوران درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے تاجر برادری کو کاروبار میں آسانی فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاانہوں نے کہا کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور معاشرے کے ہر طبقے کے لوگوں کو ان بحرانوں کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے ، ملک میں کامرس کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔

بعد ازاں ضیاء الحق سرحدی نے چیئرمین ایف بی آر کا تاجر برادری سے مشاورت کرنے اور ان کے مسائل سننے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے تاجروں کی جانب سے حکومت اور تمام متعلقہ محکموں کو ملک میں موجودہ مالیاتی بحران پر قابو پانے کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔انہوں نے تاجروں سے تجارت اور ٹریڈ سے متعلق امور پر مشاورت کی اور افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت پر توجہ دی۔