حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات لا رہی ہے، پاکستان میں زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی استعداد موجود ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان میں امریکی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

122

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المعیاد باہمی تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات لا رہی ہے، پاکستان میں زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی استعداد موجود ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کے دوران کہی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی سفیر بلوم کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی باہمی تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی سفیر کو سٹینڈ بائی معاہدے کی کامیابی سے تکمیل کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت پاکستان اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ وزیر خزانہ نے ترجیحی شعبوں میں اصلاحات کے حوالہ سے حکومت کی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ، ٹیکس نہ دینے والے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور انتظامی اصلاحات کی جارہی ہیں۔ وزیر خزانہ نے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالہ سے وزیراعظم کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔

توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امریکی سفیر کو زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی استعداد اور ممکنہ سرمایہ کاری سے بھی آگاہ کیا۔امریکی سفیر نے کلی معیشت کے اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد کے لیے حکومت پاکستان کو امریکہ کی حمایت کا یقین بھی دلایا۔