حکومت مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے، تھر کے کوئلے سے2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023تک نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی، خرم دستگیر

237
حکومت مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے، تھر کے کوئلے سے2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023تک نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی، خرم دستگیر

لاہور ۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت تھر کے کوئلے، ہوا، سولر اور ہائیڈل جیسے مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے، صرف تھر کے کوئلے سے 2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023کے اختتام سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی، 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن لائن لاسز کم کرنے اور متعلقہ تقسیم کار کمپنیز لیسکو اور گیپکو کے نیٹ ورک میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے بجلی کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔

ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شیخوپورہ میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن لاہور نارتھ، 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن اور متعلقہ ٹرانسمیشن لائنز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس منصوبے پر مجموعی طور پر 24 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن سے منسلک 4 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔

سنگ بنیاد کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کی نئے گرڈ سٹیشنز اور 113 کلومیٹر طویل بلوکی کنورٹر سٹیشن،- 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن،-500 کے وی نوکھر گرڈ سٹیشن،

ٹرانسمیشن لائن کے دو میگا پراجیکٹس شروع کرنے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 500 کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن لائن لاسز کم کرنے اور متعلقہ تقسیم کار کمپنیز لیسکو اور گیپکو کے نیٹ ورک میں وولٹیج پروفائل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے بجلی کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تھر کے کوئلے، ہوا، سولر اور ہائیڈل جیسے مقامی وسائل سے سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف تھر کے کوئلے سے 2000 میگاواٹ سستی بجلی جون 2023کے اختتام سے قبل نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے بھی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) کی معاونت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ 20.7 ارب روپے کی لاگت سے مارچ 2024 تک 630دن کی تکمیل کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ منصوبہ لیسکو کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی، لیسکو اور گیپکو کے ترسیلی نظام کو مزید بہتر کرے گا۔

انجینئر خرم دستگیر خان نے 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران وزیر توانائی نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے قائداعظم بزنس پارک اسپیشل اکنامک زون کی لوڈ ڈیمانڈ کو پورا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ 3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کہا کہ یہ منصوبہ سپیشل اکنامک زون میں قائم ہونے والی صنعت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل ہو جائے گا۔ جنرل منیجر / کنٹری ہیڈ (سی ای ٹی) مسٹر وانگ بو، منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانس مارک منصور ایچ ناصر اور مقامی سیاسی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔