حکومت ملکی برآمدات بڑھانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے ، جام کمال خان

124

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی برآمدات کو بڑھانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے ۔ وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی بجٹ کے حوالے سے آل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور دیگر بزنس کمیونٹی کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لئے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

میٹنگ میں برآمدات پر بجٹ کے ممکنہ اثرات اور منفی اثرات کو کم کرنے کے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے برآمدی شعبے کو سپورٹ کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا کہ بجٹ بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے مقصد سے ہم آہنگ ہو۔ جام کمال خان نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور پائیدار ترقی کرنے والی پالیسیوں کے نفاذ کے لئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ برآمد کنندگان کے تحفظات کو دور کر کے اور تجارت کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک سپیشل کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جو اپنی تجاویز وزیر خزانہ کو پیش کرے گی۔