حکومت ملکی ترقی اور خوشحالی کا مشن جاری رکھے گی، چوہدری محمدسرور

65

لاہور۔23مئی (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ انشا اللہ حکومت آئینی مدت کا آخری دن بھی پورا کر ے گی،مخالفین سن لیں 2023سے پہلے الیکشن ہونگے نہ ہی حکومت کہیں جانے والی ہے اپوزیشن کے پاس عام انتخابات کے انتظار کے سواکوئی آپشن نہیں ، ہم عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ہیں اور عوام آج بھی حکومت کے ساتھ ہے اس لیے مخالفین کا ہر منصوبہ فلاپ ہی ہوگا اور حکومت ملکی ترقی اور خوشحالی کا مشن جاری رکھے گی۔ اتوار کے روز گور نر ہائوس سے جاری بیان میں گور نر پنجاب نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجودالحمد للہ آج ملکی معیشت مستحکم ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہے پاکستان معاشی میدان میں مضبو ط ہورہا ہے نئے مالی سال کے دوران معیشت مزید تیزی سے ترقی کر ے گی ،ملکی ترقی اور خوشحالی میں اورسیز پاکستانیوں کا بھی مثالی کردار ہے روشن ڈیجیٹل پاکستان سے تر سیلات میں مسلسل ا ضافہ ہورہا ہے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ احساس اور ہیلتھ کارڈ جیسے پروگرام حکومتی غر یب دوستی کا ثبوت ہے اور عالمی ادارے بھی احساس پروگرام جیسے پروگرام کی شفافیات اور میرٹ کی تعریف کر رہی ہے ملکی ترقی و استحکام کیلئے تمام حکومتی ادارے ایک پیج پر ہیں اور پاکستان معاشی اور سفارتی سمیت تمام شعبوں میں کامیابی سے آگے بڑ ھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے وزیر اعظم عمران خان عوام کے حقیقی لیڈر ہیں مخالفین کے دبائو میں نہیں آئینگے تحر یک انصاف ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے عوام ہمارے ساتھ ہیں اس لیے حکومت کو مخالفین سے کسی قسم کا کوئی خطر ہ نہیں عام انتخابات اپنے مقر رہ وقت پر ہی ہوں گے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان سمیت دیگر سکیورٹی فورسز کی قر بانیوں کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے دہشت گرد پہلے بھی اپنے عزائم میں ناکام ہوئے ہیں آئندہ بھی شکست دہشت گرد وں کا مقدر رہے گی۔