حکومت ملکی معیشت میں بہتری اور ترقی کیلئے کوشاں ہے، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

54

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت میں بہتری اور ترقی کیلئے کوشاں ہے، اس حوالے سے کاروبار کے حصول کیلئے 60 ہزار خاندانوں کو 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا، حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت ترسیلات زر 20 بلین ڈالر تک اضافہ ہواہے،اس وقت ملک میں ہر شعبہ بہتری کی طرف گامزن ہے، حکومت پچھلی حکومت کی جانب سے لئے گئے قرضے پر اربوں روپے سود کی مد میں ادا کر رہی ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں اور چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کو 2.5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت ترسیلات زر 20 بلین ڈالر تک بڑھ گئی ہیں،امید ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ہر شعبہ بہتری کی طرف گامزن ہے، زراعت ، صنعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، غیر ملکی تجارت ، برآمدات سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے مہنگے معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ نئی آنے والی حکومت یہی معاہدے اس سے کم لاگت 2.5 ارب میں کئے ہیں، اس کے علاوہ حکومت ایل این جی کے مزید دو نئے ٹرمینل بھی قائم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پچھلی حکومت کی جانب سے لئے گئے قرضے پر اربوں روپے سود کی مد میں ادا کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود بھی اپوزیشن موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، گزشتہ حکومت نے بھاری مقدار میں نوش چھاپے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔